کتاب کا نام۔دریچے سے(رباعیات،قطعات،ہائکو اور نظمیں) نام ِ مصنف۔عطاعابد مبصر۔عبد المتین جامیؔ - منیراحمدجامی

Post Top Ad

www.maqbooliya.com

Wednesday, March 25, 2020

کتاب کا نام۔دریچے سے(رباعیات،قطعات،ہائکو اور نظمیں) نام ِ مصنف۔عطاعابد مبصر۔عبد المتین جامیؔ


کتاب کا نام۔دریچے سے(رباعیات،قطعات،ہائکو اور نظمیں)
         نام ِ مصنف۔عطاعابد                مبصر۔عبد المتین جامیؔ


مشہور شاعر نقاد و مقالہ نگار عطا عابدی محتاج تعارف نہیںہیں۔ بیسویں صدی کے اواخر اور انیسویں صدی کی شروعات میں بہار کے جن شعرا وادبا نے  ادبی منظر نامہ میں اپنی تخلیقی بصیرت کے گہرے نقوش مرتسم کئے ہیں ان میں عطا عابدی  بھی ایک نمایاں نام ہے۔انھوں نے اب تک تقریباً ایک درجن شعری و نثری  مجموعے شائع کر کے خود کو ادب کا شہسوار ثابت کر دیا ہے۔ انھوں نے بچوں کے ادب میں بھی گرانقدر اضافہ اپنی تصنیف مناظرے مذکر و مونث کے اور خوشبو خوشبو نظمیں کے ذریعہ کیا ہے۔ مزید ۱۰؍کتابیں ہنوز غیر مطبوعہ ہیں۔جن میں ناول‘ مضامین‘ افسانے وغیرہ شامل ہیں۔
موجودہ کتاب میں موصوف کی رباعیات‘قطعات حمد ومناجات‘ نعت‘ منقبت‘ تہنیت و عقیدت پر مبنی منظومات شامل ہیں۔ موصوف کے بقول اس کتاب میں شامل جتنی بھی رباعیات ہیں وہ ۲۰۰۰ء؁ سے قبل کہی گئی تھیں اور جن کی اشاعت ماہنامہ شاعر‘سہہ ماہی فروغ ادب اور رہنمائے تعلیم جیسے رسائل میں چکی ہے۔ انھوں نے رباعی کے مشکل اوزان میں بھی اپنی طبعِ رسا کے جوہر دکھائے ہیں۔ اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ رباعی کے جملہ اوزان پر ان کو دسترس حاصل ہے۔ خوشی کی بات ہے کہ ان کی رباعیوں کا ایک مجموعہ بھی بہت جلد منظر عام پر آنے والا ہے۔ رباعی کے مروجہ اوزان میں سے چند اوزان ایسے بھی ہیں جنھیں بہت مشکل سمجھا جاتا ہے۔ مثلاً اخرم کے بارہ اوزان کے علاوہ شجرۂ اخرب کے بارہ اوزان میں سے چند ایسے اوزان ہیں جن کو استعمال کرنے میں کہنہ مشق شعرا کے قدم بھی لڑکھڑا جاتے ہیں۔ لیکن عطا عابدی نے اس مجموعۂ کلام میں شامل صرف تیرہ رباعیوں میںاپنے ہنر کی پختگی کا ثبوت دیا ہے ۔صرف اوزان کے صحیح ادراک کا سوال ہی نہیں بلکہ رباعیوں میں صحیح خیالات کی صحیح عکاسی بھی مشکل امر ہے۔لیکن عطا عابدی کے یہاں وہ کوئی مسئلہ نہیں ہے بلکہ انھوں نے اچھوتے خیالات کو کمال ہنرمندی سے برتنے کی کوشش کی ہے جس میں وہ کامیاب نظر آتے ہیں۔ایک رباعی ملاحظہ فرمائیے:
چپ ہے پس منظر تو ہے گویا منظر۔ہے رقصاں لے کے ناریل اک بندر
گنجے سے کہو کہ یاتو ناخن کٹوائے۔یا بھول کے کبھی نہ کھجلائے سر
رباعیوں کے علاوہ اس میں دس قطعات بھی شامل ہیں۔ گیارہ نعتیہ قطعات‘تین منقبتیں برائے حضرت ابو بکرؓ ، حضرت علیؓ،حضرت امام حسینؓ اور اصلاحِ معاشرہ  پردس قطعات کے علاوہ اور متفرقات کے عنوان سے چوسٹھ قطعات بھی ان کی ہنرمندی پر دال ہیں۔ سطورِ بالا میں بیان کردہ تمام اصناف کے علاوہ ۶۴؍ ہائکو اور بچوں کے لیے سہہ سطری نظمیں بھی مختلف عنوانات کے تحت شامل ہیں۔مختصر یہ کہ یہ مجموعہ ہر ذوق کے قاری کو محظوظ ہونے کا موقع یقینا فراہم کرے گا۔
اس کی قیمت ہے ۱۵۰؍روپے اور شاعر کا پتہ:بیت العطاء،محلہ فقیرا خاں،(اردو بازار)۔پوسٹ۔لال باغ،ضلع دربھنگہ،بہار ۔۸۴۶۰۰۴

No comments:

Post a Comment

WafaSoft Android Apps

Post Top Ad

https://play.google.com/store/apps/dev?id=6299642825467641012"